ممبئی، 16 نومبر (آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے سولاپور ضلع میں منگل کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ جانے سے گاڑی الٹ گئی۔ اس المناک حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ سات شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ اکل کوٹ-سولاپور ہائی وے پر کمبھارلی گاؤں کے قریب صبح 10.30 بجے کے قریب پیش آیا۔اسسٹنٹ پولس انسپکٹر اتل بھوسلے نے بتایا کہ جب گاڑی کمبھرلی گاؤں کے قریب پہنچی تو اس کا اگلا دائیں ٹائر اچانک پھٹ گیا اور گاڑی الٹ گئی۔ اس حادثے میں دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ اسپتال میں علاج کے دوران لوگوں کی موت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں دو خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ ابھی تک صرف ایک متوفی کی شناخت ہو سکی ہے۔